ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیلسٹک میزائل تجربات، ایرانی اداروں پر امریکی پابندیوں کا امکان

بیلسٹک میزائل تجربات، ایرانی اداروں پر امریکی پابندیوں کا امکان

Sat, 04 Feb 2017 11:47:37    S.O. News Service

واشنگٹن،3؍فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عالمی ذرائع ابلاغ نے امریکی حکومت کے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے متنازع بیلسٹک میزائلوں کے تجربات پر واشنگٹن تہران پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کرنے پرغور کررہا ہے۔امریکی حکومت کے ایک مصدقہ ذریعے نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آج، جمعہ کے روز ایران کے متعدد اداروں پر نئی پابندیاں عاید کی جاسکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی امریکی حکومت ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے تاہم ایران نے کہا ہے کہ بیلسٹک میزائلوں کے تجربات سنہ 2015ء میں طے پائے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہیں۔

امریکی انتظامیہ کے ذریعے کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایران کے 8 مختلف اداروں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔ پابندیوں کی زد میں آنے والے ایرانی ادارے دہشت گردی کی سرگرمیوں سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ ایران میں بیلسٹک میزائلوں کے تجربات سے مربوط ہیں۔تاہم امریکی حکومت کے ذریعے نے ان آٹھ اداروں کے نام ظاہر نہیں کیے۔خیال رہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے ایران کے مختلف اداروں پر پابندیوں کی تیاری کا یہ نیا پروگرام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ اتوار کو ایران نے بیلسٹک میزائل تجربہ کیا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔


Share: